دو شاعر۔۔۔احمد فراز اور محسن نقوی۔۔۔ایک زمین۔۔۔دو غزلیں


دو شاعر۔۔۔احمد فراز اور محسن نقوی۔۔۔ایک زمین۔۔۔دو غزلیں

محسن نقوی کی غزل:

سایۂ  گُل سے بہر طَور جُدا ہو جانا
راس آیا نہ مجھے موجِ صبا ہو جانا

اپنا ہی جسم مجھے تیشۂ فرہاد لگا
میں نے چاہا تھا پہاڑوں کی صدا ہو جانا



موسمِ گُل کے تقاضوں سے بغاوت ٹھہرا
قفسِ غنچہ سے خوشبو کا رِہا ہو جانا

قصرِ آواز میں اک حشر جگا دیتا ہے
اُس حسیں شخص کا تصویر نما ہو جانا

راہ کی گرد سہی ، مائلِ پرواز تو ہُوں
مجھ کو آتا نہیں نقشِ کفِ پا ہو جانا

زندگی تیرے تبسّم کی وضاحت تو نہیں؟
موجِ طوفاں کا اُبھرتے ہی فنا ہو جانا

کیوں نہ اُس زخم کو میں پھول سے تعبیر کروں
جس کو آتا ہو ترا "بندِ قبا" ہو جانا

اشکِ کم گو! تجھے لفظوں کی قبا گر نہ مِلے
میری پلکوں کی زباں سے ہی ادا ہو جانا

قتل گاہوں کی طرح سُرخ ہے رستوں کی جبیں
اک قیامت تھا مِرا آبلہ پا ہو جانا

پہلے دیکھو تو سہی اپنے کرم کی وسعت
پھر بڑے شوق سے تُم میرے خدا ہو جانا

بے طلب دَرد کی دولت سے نوازو مجھ کو
دل کی توہین ہے مرہونِ دُعا ہو جانا

میری آنکھوں کے سمندر میں اُترنے والے
کون جانے تِری قسمت میں ہے کیا ہو جانا!

کتنے خوابیدہ مناظر کو جگائے محسن!
جاگتی آنکھ کا پتھرایا ہُوا ہو جانا!
(بندِ قبا:  1969)

احمد فراز کی غزل:

بے نیازِ غمِ پیمانِ وفا ہو جانا
تم بھی اوروں کی طرح مجھ سے جدا ہو جانا

میں بھی پلکوں پہ سجا لوں گا لہو کی بوندیں
تم بھی پا بستۂ زنجیرِ حنا ہو جانا



گرچہ اب قرب کا امکاں ہے بہت کم پھر بھی
کہیں مل جائیں تو تصویر نما ہو جانا

صرف منزل کی طلب ہو تو کہاں ممکن ہے
دوسروں کے لیے خود آبلہ پا ہو جانا

خلق کی سنگ زنی میری خطاؤں کا صلہ
تم تو معصوم ہو تم دُور ذرا ہو جانا

اب مرے واسطے تریاق ہے الحاد کا زہر
تم کسی اور پجاری کے خدا ہو جانا
(دردِ آشوب: 1966)


14 Response to "دو شاعر۔۔۔احمد فراز اور محسن نقوی۔۔۔ایک زمین۔۔۔دو غزلیں "

Muzammil Shaikh said... Best Blogger Tips[کمنٹ کا جواب دیں]Best Blogger Templates

واہ واہ۔ سبحان اللہ۔ دل کو لطف اور دماغ کو راحت ملی غزلوں کی قرات سے۔

Unknown said... Best Blogger Tips[کمنٹ کا جواب دیں]Best Blogger Templates

زبردست

Unknown said... Best Blogger Tips[کمنٹ کا جواب دیں]Best Blogger Templates

عشرتِ قطرہ ہے دریا میں فنا ہو جانا
درد کا حد سے گزرنا ہے دوا ہو جانا

تجھ سے، قسمت میں مری، صورتِ قفلِ ابجد
تھا لکھا بات کے بنتے ہی جدا ہو جانا

دل ہوا کشمکشِ چارۂ زحمت میں تمام
مِٹ گیا گھِسنے میں اُس عُقدے کا وا ہو جانا

اب جفا سے بھی ہیں محروم ہم اللہ اللہ
اس قدر دشمنِ اربابِ وفا ہو جانا

ضعف سے گریہ مبدّل بہ دمِ سرد ہوا
باور آیا ہمیں پانی کا ہوا ہو جانا

دِل سے مِٹنا تری انگشتِ حنائی کا خیال
ہو گیا گوشت سے ناخن کا جُدا ہو جانا

ہے مجھے ابرِ بہاری کا برس کر کھُلنا
روتے روتے غمِ فُرقت میں فنا ہو جانا

گر نہیں نکہتِ گل کو ترے کوچے کی ہوس
کیوں ہے گردِ رہِ جَولانِ صبا ہو جانا

تاکہ تجھ پر کھُلے اعجازِ ہوائے صَیقل
دیکھ برسات میں سبز آئنے کا ہو جانا

بخشے ہے جلوۂ گُل، ذوقِ تماشا غالبؔ
چشم کو چاہیے ہر رنگ میں وا ہو جانا

مرزا اسد اللہ خان غالب

Unknown said... Best Blogger Tips[کمنٹ کا جواب دیں]Best Blogger Templates

اتنا آساں کہاں سامانِ بقا ہو جانا
دل میں احساسِ فنا کا بھی فنا ہو جانا

عشق دراصل ہے بے لوث وفا ہو جانا
عشق کی راہ میں خود سے بھی جدا ہو جانا

انکے ماتھے پہ لکیریں نہیں آنے پائیں
انکے ہاتھوں کی لکیروں کی حنا ہو جانا

ہونٹ ناراض تھے، آنکھیں تھیں مجسم الفت
انکے بس میں ہی نہیں مجھ سے خفا ہو جانا

لاکھ کرتی ہو کسی بت کی پرستش دنیا
کیسے ممکن ہے بھلا بت کا خدا ہو جانا

بنتا ہے ایک مرض موت کا باعث ورنہ
ہر مرض کے لئے ممکن ہے شفا ہو جانا

اسکو ایماں کہو یا عشقِ حقیقی جاوید
مرحلہ کوئی ہو راضی برضا ہو جانا

ڈاکٹر جاوید جمیل

Unknown said... Best Blogger Tips[کمنٹ کا جواب دیں]Best Blogger Templates

بند آنکھو! وہ چلے آئیں تو وا ہو جانا
اور یوں پھوٹ کے رونا کہ فنا ہو جانا

عشق میں کام نہیں زور زبردستی کا
جب بھی تم چاہو جدا ہونا، جدا ہو جانا

تیرے آنے کی بشارت کے سوا کچھ بھی نہیں
باغ میں سوکھے درختوں کا ہرا ہو جانا

اک نشانی ہے کسی شہر کی بربادی کی
ناروا بات کا یک لخت روا ہو جانا

تنگ آ جاؤں محبت سے تو گاہے گاہے
اچھا لگتا ہے مجھے تیرا خفا ہو جانا

سی دیے جائیں مِرے ہونٹ تو اے جانِ غزل
ایسا کرنا مِری آنکھوں سے ادا ہو جانا

بے نیازی بھی وہی اور تعلق بھی وہی
تمہیں آتا ہے محبت میں خدا ہو جانا

اچھے اچھوں پہ برے دن ہیں لہٰذا فارسؔ
اچھے ہونے سے تو اچھا ہے برا ہو جانا

رحمان فارس

Unknown said... Best Blogger Tips[کمنٹ کا جواب دیں]Best Blogger Templates

حکمِ حاکم ہی تھا عادل کی رضا ہو جانا
طے تھا پہلے سے سجنوا کو سزا ہو جانا

کل جو قاتل تھے سیاست میں ہوئے مِیت ابکے
’باور آیا ہمیں پانی کا ہوا ہو جانا،

سارے ماں باپ تھے بچّوں سے بچھڑنے والے
تھا اُدھر پھول کا خوشبو سے جدا ہو جانا

ہو چلا کام جو برسوں کا دنوں میں تو لگا
قید سے قبل ہی قیدی کا رِہا ہو جانا

’ہاں، کا اک لفظ دُلہنیا سے جو کہلایا گیا
تھا دُلہنیا پہ غلامی کا روا ہو جانا

عمر کی شامِ تلک بُھولے نہ بُھولا اب تک
اُس بُتِ شوخ کے پیکر کی قبا ہو جانا

ہے مہا پاپ تو ماجد ہے سرِ ارض یہی
دیکھتے دیکھتے نیّت کا بُرا ہو جانا

ماجد صدیقی

Unknown said... Best Blogger Tips[کمنٹ کا جواب دیں]Best Blogger Templates

جوشِ الفت میں وہ قطرے کا فنا ہو جانا
اُس پہ دریا کا وہ لب تشنہ سوا ہوجان

کوئی انداز ہے! رہ رہ کے ، خفا ہوجانا
اپنے بندوں سے، یہ کھچنا کہ خدا ہوجانا

ضبطِ غم سے مری آہوں کے شرارے کجلائے
بے ہوا، کام ہے شعلے کا فنا ہوجانا

اپنے نیرنگیء انداز کا اعجاز تو دیکھ
ابھی شوخی تھی، ابھی اس کا حیا ہوجانا

اس زمانے میں نہیں کوئی کسی کا ہمدرد
دل کے دو حرف ہیں، اُن کو بھی جدا ہوجانا

ضعف سے اُٹھ نہیں سکتا تیرا بیمار فراق!
اے اجل! تو ہی کرم کر کے ذرا ہو جانا

شاعرِ زا ر نہیں کوئی بھی معیار مرا
پھر بھی مشہور ہے کھوٹے کا کھرا ہو جانا

آغا شاعر قزلباش دہلوی

Unknown said... Best Blogger Tips[کمنٹ کا جواب دیں]Best Blogger Templates

میں نہ چاہوں کسی فانی میں فنا ہوجانا
تم اگر ملنا مجھے، میرے خدا ہوجانا

بول بن جاؤں کوئی، گیت کوئی بن جاؤں
چاہتا ہوں ترے ہونٹوں سے ادا ہوجانا

ایک احساس رفاقت کو سُبک رکھتا ہے
کبھی خوشبو تو کبھی تیرا ہَوا ہوجانا

رنگِ تنہائی لپکتا ہے تمہیں چَھونے کو
ہو اگر بس میں تمہارے تو جُدا ہوجانا

اب خموشی کی سزا ملتی رہے گی شاید
ہے مکّرر تو کٹھن کُن کی صدا ہوجانا

دلِ وحشی کا چلن ورنہ بغاوت ہے ظفر
عشق سکھلاتا ہے راضی بہ رضا ہوجانا

صابر ظفر

Unknown said... Best Blogger Tips[کمنٹ کا جواب دیں]Best Blogger Templates

میری جانب تیرا مائل وہ ذرا ہو جانا
جس طرح دہر کی دولت کا عطا ہو جانا

نام آتے ہی ترا لَب پہ دُعا ہو جانا
ہو یہ ممکن مرے نالوں کا رَسا ہو جانا

میری قسمت میں نہ تھا وعدہ وفا ہو جانا
تھا یہ لازم مرے شکوے کا بجا ہو جانا

دلِ بسمل کے تڑپنے کا سبب اتنا ہے
اے مسیحا ترا مجھ سے خفا ہو جانا

دل لگانے کی بھلا اور سزا کیا ہو گی
روتے روتے غمِ فُرقت میں فنا ہو جانا

تیری بیگانہ روی مار نہ ڈالے مجھ کو
یہ ترا روٹھ کے جانا یوں خفا ہو جانا

یہ کرامات کسی اور کو حاصل ہیں کہاں
اک نظر سے ہی مریضوں کو شفا ہو جانا

کس طرح لوٹ کے آتا تومری دُ نیا میں
تھا مقدر میں یوں ہی تجھ سے جُدا ہو جانا

اب نہ مجنوں کے نہ فرہاد کےِ قصّے چھیڑو
تم کو آتا نہیں اُلفت میں فِد ا ہو جانا

زرقا مفتی

Unknown said... Best Blogger Tips[کمنٹ کا جواب دیں]Best Blogger Templates

دل کی دھڑکن کا ہم آہنگِ دعا ہو جانا
بابِ تاثیر کا آغوش کشا ہوجانا

میرا ایماں ہے حضوری میں ڈھلے گی دوری
" درد کا حد سے گزرنا ہے دوا ہو جانا "

مجھ کو آتا ہے عذابِ شبِ ہجراں کا علاج
یاد کرنا انہیں اور نعت سرا ہو جانا

وہ بلائیں تو سہی اذنِ سفر تو آئے
تَو سنِ شوق کو آتا ہے ہَوا ہو جانا

میں بھی سرکار کے کُوچے کا گدا ہوں یارب
میرے سجدوں کو بھی آجائے ادا ہو جانا

آپ کی سیرتِ اطہر نے سکھایا ہے ہمیں
سر بہ سر بندہِ تسلیم و رضا ہو جانا

تجھ پہ کھل جائیں گے الفاظ کے اسرار ایاز
ان کے در پر ہمہ تن حرفِ دعا ہو جانا

ایاز صدیقی

Unknown said... Best Blogger Tips[کمنٹ کا جواب دیں]Best Blogger Templates

بلال بھائ،

میرے خیال میں اسی زمیں میں کم از کم دس مزید غزلیں ہیں مختلف شعرا کی، پھر کسی وقت پوسٹ کروں گا، اور ایک بات آپ نے یہاں فیس بک سے لاگ ان ہو کر کمنٹس کاآپشن کیوں نہیں رکھا،

شکریہ آپ کا فین
راجہ خان

ikram Ehsass said... Best Blogger Tips[کمنٹ کا جواب دیں]Best Blogger Templates

@Raja Khanراجہ خان بہت اعلیٰ۔۔آپ کے ادبی ذوق کی داد دینے کو جی چاہتا ہے

Ubaid said... Best Blogger Tips[کمنٹ کا جواب دیں]Best Blogger Templates

کون پکڑے غالب کے تخیل کو....واہ

Unknown said... Best Blogger Tips[کمنٹ کا جواب دیں]Best Blogger Templates

ویل ڈن برادری
اگر ممکن ھو تو اس زمین ہر لکھا گیا کلام مجھے ای میل کر دیں
qureshi3634@gmail.com

Post a Comment

اردو میں تبصرہ پوسٹ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کر دیں۔


شئیر کیجیے

Ads 468x60px