ہو جائے کسی طور جو تکمیلِ تمنّا


ہو جائے کسی طور جو تکمیلِ تمنّا
لہجوں میں اتر آئے گی تفضیلِ تمنّا

سنتا رہا تاویلِ جفا اُس کی زباں سے
بہتا رہا آنکھوں سے مری نیلِ تمنّا

اُس صورتِ مریم کو سرِ بام جو دیکھا
سینے میں اتر آئی اک انجیلِ تمنّا

ایسا بُتِ کافر ہے کہ دیکھا نہیں مُڑ کر
ہر چند کہ ہوتی رہی تعلیلِ تمنّا

مدّھم ہوئی آنکھوں میں تو پھر دل میں جلا لی
پر بجھنے نہیں دی کبھی قندیلِ تمنّا

اُس عہدِ اذیّت میں اتارا گیا مجھ کو
جس عہد میں ہوتی رہی تذلیلِ تمنّا

(محمّد بلال اعظم)​

1 Response to "ہو جائے کسی طور جو تکمیلِ تمنّا "

محمد احمد said... Best Blogger Tips[کمنٹ کا جواب دیں]Best Blogger Templates

بہت خوب بلال ۔۔۔۔!

یہ غزل بہت خوب ہے آپ کی۔

خاص طور پر یہ شعر تو لاجواب ہے۔


مدّھم ہوئی آنکھوں میں تو پھر دل میں جلا لی
پر بجھنے نہیں دی کبھی قندیلِ تمنّا


ایک اچھی غزل پر مبارکباد وصول کیجے۔

Post a Comment

اردو میں تبصرہ پوسٹ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کر دیں۔


شئیر کیجیے

Ads 468x60px