ایک جگنو ہے کہ منزل کے حوالے مانگے



ایک جگنو ہے کہ منزل کے حوالے مانگے 
ایک تتلی ہے کہ جگنو سے اُجالے مانگے 

ایک وہ حشر ہے جو دل میں بپا رہتا ہے 
اور اک دل ہے، زباں پر بھی جو تالے مانگے 

میری تصویر کے سب رنگ زوال آمادہ 
اور مرا یار کہ شہکار نرالے مانگے 

آخرش دربدری قیس کی اب ختم ہوئی
آج تو لیلیٰ نے بھی دیس نکالے مانگے 

رسم کچھ ایسی چلی موسم گل میں کہ یہاں 
سب نے مانگے بھی تو بس خون کے پیالے مانگے 

جانے کس دور میں دھرتی پہ میں اترا ہوں بلال 
زندہ رہنے کے بھی انسان حوالے مانگے 

(محمد بلال اعظم)



بحر - بحرِ رمل مثمن مخبون محذوف مقطوع
افاعیل - فاعِلاتُن فَعِلاتُن فَعِلاتُن فَعلُن

اشاری نظام - 2212 / 2211 / 2211 / 22
اس بحر میں پہلے رکن یعنی فاعلاتن ( 2212 ) کی جگہ فعلاتن ( 2211 ) اور آخری رکن فعلن (22) کی جگہ , فعلان ( 122)، فَعِلن (211 ) اور فَعِلان (1211) بھی آ سکتا ہے۔
یوں اس بحر کی ایک ہی غزل یا نظم میں درج کردہ یہ آٹھ اوزان ایک ساتھ استعمال کرنے کی عروضی گنجائش موجود ہے ۔


ایک جگنو ہے کہ منزل کے حوالے مانگے 
ایک تتلی ہے کہ جگنو سے اُجالے مانگے 
22-2211-2211-2212

ایک وہ حشر ہے جو دل میں بپا رہتا ہے 
اور اک دل ہے، زباں پر بھی جو تالے مانگے 
22-2211-2211-2212

میری تصویر کے سب رنگ زوال آمادہ 
اور مرا یار کہ شہکار نرالے مانگے 
22-2211-2211-2212

آخرش دربدری قیس کی اب ختم ہوئی
211-2211-2211-2212
آج تو لیلیٰ نے بھی دیس نکالے مانگے 
22-2211-2211-2212

رسم کچھ ایسی چلی موسم گل میں کہ یہاں
211-2211-2211-2212
سب نے مانگے بھی تو بس خون کے پیالے مانگے 
22-2211-2211-2212

جانے کس دور میں دھرتی پہ میں اترا ہوں بلال
1211-2211-2211-2212
زندہ رہنے کے بھی انسان حوالے مانگے 
22-2211-2211-2212

8 Response to "ایک جگنو ہے کہ منزل کے حوالے مانگے "

اسد حبیب said... Best Blogger Tips[کمنٹ کا جواب دیں]Best Blogger Templates

واہ بلال بھائی واہ! بہت ہی عمدہ غزل لکھی آپ نے۔ ماشا اللہ۔ بہت خوب!۔

فاروق درویش said... Best Blogger Tips[کمنٹ کا جواب دیں]Best Blogger Templates

برادر بلال غالباً الفاظ آگے پیچھے ٹائپ ھو گئے ھیں

قیس کی آخرش اب دربدری ختم ہوئی
یہ مصرع بحر سے خارج ھو گا۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ترتیب الفاظ یوں کر لیں تو بحر میں آ جائے گا ۔۔۔۔

آخرش دربدری قیس کی اب ختم ہوئی

محمد بلال اعظم said... Best Blogger Tips[کمنٹ کا جواب دیں]Best Blogger Templates

@Asad Habeeb

اسد حبیب صاحب پسندیدگی کا بیحد شکریہ۔

محمد بلال اعظم said... Best Blogger Tips[کمنٹ کا جواب دیں]Best Blogger Templates

@فاروق درویش

الفاظ آگے پیچھے ہو گئے ہیں

یہ اصل میں ایسے تھا

آخرش قیس کی اب در بدری ختم ہوئی

اب دونوں میں سے جو مصرع آپ کہتے ہیں وہ استعمال کر لیتے ہیں۔
شکریہ
سدا خوش رہیے

فاروق درویش said... Best Blogger Tips[کمنٹ کا جواب دیں]Best Blogger Templates

آخرش دربدری قیس کی اب ختم ہوئی

زبان کے اعتبار سے" اب" ختم سے پہلے آئے گا اور اس طرح مصرع بھی رواں تر ہو گا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وزن کے اعتبار سے دونوں صورتیں ہی درست ہیں

میرا پاکستان said... Best Blogger Tips[کمنٹ کا جواب دیں]Best Blogger Templates

اگر آپ بھی وارث صاحب کی طرح غزل کی بحر کے بارے میں تھوڑا لکھ دیا کریں اور اشعار کی تقطیع بھی کر دیا کریں تو ہم جیسے نئے لوگوں کو غزل کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

محمد بلال اعظم said... Best Blogger Tips[کمنٹ کا جواب دیں]Best Blogger Templates

@فاروق درویش

شکریہ فاروق درویش صاحب۔
اب تدوین کر دی ہے۔

محمد بلال اعظم said... Best Blogger Tips[کمنٹ کا جواب دیں]Best Blogger Templates

@میرا پاکستان

جناب اپنی سی کوشش تو کی ہے۔
اب دیکھیے۔
امید ہے پسند آئے گی۔

Post a Comment

اردو میں تبصرہ پوسٹ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کر دیں۔


شئیر کیجیے

Ads 468x60px